گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1,480 افراد ہلاک، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 392 ہو گئی-
واشنگٹن- امریکہ میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1,480
افراد ہلاک۔ ہلاکتوں می مجموعی تعداد 7,392ہو گئی، 32,284 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 77 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں مسلسل تیسرے روز بھی ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 7 ہزار 392 ہو چکی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1,480 افراد خطرناک وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اس وقت کوروناسے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2,77,161 ہے جبکہ وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہو جانے امریکی شہریوں کی تعداد 12 ہزار 283 ہے۔
امریکہ میں اس وقت اڑھائی لاکھ سے زیادہ کیسز ایکٹو ہیں جن میں 5 ہزار 787 مریض ایسے ہیں جن کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
گزشتہ کل امریکہ میں 1 ہزارسے زائد اموات واقع ہوئی تھیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 88 ہو گئی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہوئی ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نیو یارک کے مئیر نے گھر سے نکلنے والے تمام افراد کو ماسک پہننے کی ہدایت کی ہے اور یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہی ہدایت وائٹ ہاوس کی جانب سے اب پورے امریکہ میں بھی جاری کر دی جائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائرس نے امریکہ میں ایک کروڑ افراد کو بے روزگار بھی کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بحری بیڑے پر وبا پھیلنے سے روکنے میں حکام کی ناکامی کا پردہ فاش کرنے والے کمانڈر بریٹ کروزئیر کو جبری ریٹائر کر دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے ڈیموکریٹس نے نیشنل کنونشن ملتوی کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار بھی اپنا خطرناک کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج بھی منفی ہی نکلے۔ اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کو دوسرا ٹیسٹ تیز ترین طریقے سے کیا گیا جس کی رپورٹس محض 15 منٹ میں موصول ہو گئی۔
0 Comments